یمن سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے بن گوریان انٹر نیشنل ہوائی اڈے پر راکٹ حملہ کے بعد برطانوی ایئر لائن (برٹش ایئر ویز) اور امریکی ایئر لائنز نے بھی تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔
لندن سے خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی ایئر لائن کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتِ حال کے تناظر میں تل ابیب آنے جانے والی تمام پروازیں7 مئی تک معطل رہیں گی۔ ادھر جرمن ایئر لائن نے بھی تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یمن سےحوثی اکثریتی تنظیم انصار اللّٰہ نے آج اسرائیل کے سب سے مصروف بین گوریان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا۔
دریں اثنا اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے ہوائی اڈے پر راکٹ حملہ کے بعد خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی ایئر لائنز نے بھی تل ابیب کے لیے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیتن یاہو کا یمنی حوثیوں کیخلاف حملے بڑھانے کا اعلان
یمن سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر راکٹ حملہ کے بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے یمن کے حوثیوں کے خلاف حملے بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی یمن میں حوثیوں کے خلاف حملے کیے ہیں، یمن کے حوثیوں پر حملوں میں اضافہ کریں گے۔
واضح رہے کہ یمن سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے بن گوریان ہوائی اڈے پر اتوار کی صبح راکٹ حملہ کیا گیا۔میزائل ایئر پورٹ کی حدود کے اندر گرا جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے، رفح میں جاری لڑائی میں مزید 2 اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔
آج صبح حوثی حملے میں بین گوریان ایئر پورٹ پر ہونے والی تباہی کے بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم اس قدر حواس باختہ تھے کہ انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران خود ہی اعتراف کیا کہ حماس سے شدید لڑائی جاری ہے اور دو اسرائیلی فوجی لڑائی کے دوران مارے جا چکے ہیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ فیصلہ کُن فتح کے لیے نئے مجوزہ منصوبے پر آج کابینہ کے اجلاس میں غور ہو گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos