بھارت کو جارحیت کا خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، فائل فوٹو
بھارت کو جارحیت کا خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، فائل فوٹو

کل رات شاہینوں نے فضا میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا ، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی، اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا، ایل او سی پر ایک گھنٹے جاری جنگ میں پاکستانی فوجی نے اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، ہم سے کئی گنا بڑی قوت کو ہمارے آگے گھٹنے ٹیکنے میں کچھ دیر لگی اور بھارت کے 5 جنگی طیارے تباہ ہوگئے جو ان کا غرور تھے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات بھارت نے جارحیت کرکے جو فاش غلطی کی، بھارت نے جو کیا ہے اس کا خمیازہ اب اسے ضرور بھگتنا ہوگا، شاید وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن وہ یہ بات بھول گئے کہ پاکستانی قوم بہادروں کی قوم ہے، جو اپنے عزم میں فولادی ہے، جس کے سپوتوں نے خود کو میدان جنگ سے نکھارا ہے، جو اپنے وطن کی عزت اور حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری افواج نے دشمن کو گھٹنے ٹیک پر مجبورکردیا، گزشتہ رات پوری دنیا نے دیکھا کہ عددی اعتبار سے کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے اور اللہ کے فضل و کریم سے ہمارے شاہینوں نے فضا میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے، بھارت اپنے جنگی طیاروں پر بہت غرور کرتا تھا، ہمارے شاہینوں نے بھارت کو دندان شکن جواب دیا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا جس میں اسکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کی گرج تھی، جو کل رات دوبارہ پورے زور سے گونجی اور ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضربیں لگائیں، جو وقت کا مرہم بھی کبھی نہیں بھر سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے بزدلانہ حملوں نے 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے، ان میں بچے اور خواتین شامل ہیں، ایک شہید بچے کاجنازہ ابھی پڑھ کرآئے ہیں، 7 برس کا ننھا پھول شہید کے رتبے پر فائز ہوگیا، شہادت کے بلند رتبے پر ایسے ہی فائز ہونے والے ہمارے دوسرے عظیم پاکستانیوں کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور پورا پاکستان ان شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہے اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ دشمنوں سے ان شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا ضرور حساب لیا جائے گا، یہ وہ بزدل دشمن ہے، جو نہتے انسانوں پر وار کرکے خود کو طاقتور سمجھتا ہے لیکن کل رات ہم نے ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہمارے جوانوں نےدشمن کے جہازوں کو پرخچے اڑادیے، ہماری قوم کو اپنے جوانوں پر ناز ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر متنازع علاقہ ہے، کشمیریوں کو حق خودارادیت ملے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات سے حقیقت کبھی نہیں بدلے گی، خطے میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر پاکستان ہوا ہے، ہم نے 80 ہزار سے زائد شہادتیں دی ہیں، 152 ارب ڈالر سے زائد کے مالی نقصانات ہوئے، بھارت کی موجودہ مہم جوئی دہشت گردی سے ہماری توجہ نہیں ہٹاسکتا، ہم دہشت گردی کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے، پوری قوم پاک افواج کے ساتھ مل کر مقابلہ کرے گی، ملکی سالمیت کے لیے قوم کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔

بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے گرائے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔