بنگلہ دیش پہلی اننگز میں 413 رنز پر ڈھیر۔ پاکستان کو بڑا ہدف مل گیا
پاکستان کی طرف سے محمد عباس نے 5 اور شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں
پاکستان کے خلاف بنگلادیش کی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 413 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔پاکستان کو بڑا ہدف مل گیا، بلے بازوں پر دباؤ بڑھ گیا۔
ڈھاکہ میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے دن کھیل کا آغاز مشفق الرحیم نے 48 اور لٹن داس نے 8 رنز سے کیا۔
کھیل کے آغاز کے کچھ دیر بعد ہی بنگلہ دیش کے مشفق الرحیم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے 114 گیندوں پر 50 رنز بنا لیے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے نجم الحسن شانتو 101 اور مومن الحق91 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مشفیق الرحیم 71، لٹن داس 33 ، مہدی حسن میراز 10 اور تیج الاسلام 17رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے محمد عباس نے 5 اور شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نعمان علی اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر 4 وکٹ پر 301 رنز بنا لیے تھے۔
بنگلہ دیش کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کپتان نجم الحسن شنتو 101، مومن الحق 91، محمود الحسن جوائے 8 اور شادمان اسلام 13 رنز شامل ہیں۔