فائل فوٹو
فائل فوٹو

اپوزیشن نے مودی سےپارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا

نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنے والے وزیرِ اعظم نریندر مودی کو پارلیمنٹ میں آ کر ’’آپریشن سندور ‘‘کا جواب دینے کا مطالبہ کر دیا۔

 خط میں راہل گاندھی نے لکھا کہ میں ایک بار پھر اپوزیشن کی متفقہ حمایت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس فوری بلایا جائے۔

پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے لکھا کہ ’عوام اور ان کے نمائندوں کے لیے پہلگام دہشت گردانہ حملے، آپریشن سندور اور جنگ بندی پر بات کرنا بہت ضروری ہے، جس کا اعلان سب سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا تھا۔‘

انھوں نے کہا کہ یہ ایک موقع بھی ہو گا کہ ہم ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اپنے عزم کا مظاہرہ کریں جن کا ہمیں مل کر سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘

راہل گاندھی نے مودی کے نام خط میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کریں گے اور جلد ہی اس پر عملدرآمد کریں گے۔

 اس سے قبل ایوان بالا راجیا سبھا کے اپوزیشن لیڈر ارجن کھر گے پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔