کراچی: پورٹ قاسم چورنگی کے قریب فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، 2 زخمی

کراچی میں پورٹ قاسم چورنگی کے قریب پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں اور کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شہریوں نے سیکیورٹی انتظامات مزید بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔