ملیر جیل سے فرار ٹارگٹ کلر پولکا دوبارہ گرفتار
وفاقی انٹیلی جنس ٹیم، شاہ لطیف پولیس اور جیل پولیس کی مشترکہ کارروائی
تصویر: سوشل میڈیا
کراچی کی ملیر جیل سے فرار ہونے والے خطرناک قیدی، ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلر طاہر نوید عرف پولکا کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دوبارہ گرفتار کرلیا۔ ملیر پولیس ترجمان کے مطابق یہ کامیاب کارروائی وفاقی انٹیلی جنس ٹیم، شاہ لطیف پولیس اور جیل پولیس نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ ملزم کو لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر لانڈھی ریلوے اسٹیشن کے قریب چھاپہ مارا گیا، جہاں سے ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ موقع پر موجود جیل پولیس اہلکاروں نے گرفتار ملزم کی شناخت کی۔
طاہر عرف پولکا 9 مئی کو ملیر جیل سے فرار ہوا تھا۔ وہ قتل اور اغواء کے سنگین مقدمات میں جیل میں قید تھا ۔ اس کے خلاف تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں مقدمات درج تھے۔سینئر صحافی شہید ولی بابر کے قتل کیس میں بھی طاہر نوید کا نام سامنے آیا تھا۔
حکام کے مطابق ملزم جیل میں ایک تقریب کے دوران مہمانوں کی آڑ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار قیدی سے فرار کے محرکات اور دیگر پہلوؤں پر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ملزم طاہر نوید کو جوہر آباد انویسٹی گیشن پولیس نے گرفتار کیا تھا اور اسے رواں سال 27 اپریل کو جیل کسٹڈی میں بھیجا گیا تھا۔
وزیر جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے ملزم کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سے فرار ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے عوام کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر متحرک ہیں اور مشترکہ کارروائیوں کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔