فائل فوٹو
فائل فوٹو

غزہ،حماس کا فوجی یونٹ پرحملہ،2صیہونی فوجی شدید زخمی

غزہ : غزہ پر تباہی کی جنگ کے دوبارہ شروع ہونے کے 71 ویں دن میں داخل ہونے کے ساتھ ہی اکتوبر 2023 سے پٹی پر اسرائیلی جارحیت میں ہلاکتوں کی تعداد 54,056 شہید اور 129,123 زخمی ہو چکی۔

دریں اثنا انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے اعلان کیا کہ جارحیت کے نتیجے میں 15 اور 25 مئی کے درمیان تقریباً 180,000 افراد کو جبری بے گھر ہونا پڑا۔اس کے ساتھ ہی اسرائیل پر جنگ روکنے اور محصور غزہ کی پٹی میں خوراک کی امداد کی اجازت دینے کے لیے یورپی دبائو بڑھ گیا۔

ادھراسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ بیت لاہیا میں جھڑپوں میں دو فوجی شدید زخمی ہوئے۔ حماس نے شمالی غزہ کی پٹی میں العطرہ کے علاقے میں10 فوجی پیادہ یونٹ کو اینٹی پرسنل میزائل سے نشانہ بنایا تھا۔مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض فوج کی فائرنگ سے ایک نوجوان شہید اور 31 زخمی ہو گئے۔

دوسری طرف غزہ کے لیے امریکہ کی حمایت یافتہ امدادی تنظیم کے سربراہ جیک وڈ نے پیر کو اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر جانبداری اور خود مختاری کے اصولوں کے مطابق اپنا کام انجام دینا ممکن نہیں رہا۔غزہ ہیومینیٹیرین فائونڈیشن (جی ایچ ایف) جو فروری سے جینیوا میں قائم ہے، نے اپنے ابتدائی 90 دنوں میں کھانے کے تقریباً 30 کروڑ ڈبے تقسیم کرنے کا وعدہ کیا۔لیکن اقوام متحدہ اور بین الاقوامی امدادی اداروں نے اس گروپ کے ساتھ تعاون سے انکار کر دیا کیوں کہ اس پر الزام ہے کہ یہ اسرائیل کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی فلسطینی شمولیت موجود نہیں۔

ادھرجرمنی نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال ناقابل برداشت ہوگئی۔جرمنی نے پہلی بار اسرائیل کیخلاف اقدامات کا عندیہ بھی دیدیا۔جرمنی ایئرلائن گروپ لفتھانزا نے موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر 15 جون تک اسرائیل کے لیے پروازیں معطل کر نے کا اعلان کردیا۔علاوہ ازیں اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو نے غزہ میں زمینی آپریشن مزید تیز کرنے کا اعلان کردیا جبکہ شمالی غزہ اور خان یونس پر حملوں میں شدت آگئی ہے ۔

العربیہ رپورٹ کے مطابق یورپی ممالک کے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد اسرائیل دھمکیوں پر اتر آیا۔اسرائیلی حکومت کے وزرا نے بڑے یورپی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے سے اسرائیل بھی یکطرفہ اقدامات اٹھا سکتا ہے۔