واشنگٹن ( نمائندہ خصوصی ) امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں بھی انڈیا کے خلاف حالیہ فتح پر جشن بنیان المر صوص منایا گیا ۔ سیاسی اور سماجی شخصیات نے مل کر جشن فتح کا کیک بھی کاٹا۔ مہمان خصوصی سینئر صحافی اور کمیونٹی رہنما عارف الحق عارف نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو متحد کرنے پر بھارتی وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کرنا چاہئے ۔پاکستانی قوم دشمن کے خلاف یک جان ہے،
ممتاز کشمیری لیڈر اور سفارتی محاذ پر سرگرم ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ امریکہ کے شاندار اور بر وقت کردار پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرنے کےلئے حکومت پاکستان کو ایک اعلیٰ سطح کا وفد امریکہ بھیجنا چاہئے۔قونصلر طاہر جمیل نے کہا کہ اس مختصر جنگ میں ہم نے سفارتی محاز پر بہترین کردار ادا کیا۔پریس قونصلر سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارے میڈیا نے بھارتی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈے کے مقابلے میں حقائق بر مبنی خبریں شائع کیں اور اس کے مکر و فریب کے پرخچے اڑا دیئے ۔صدر آزاد کشمیر کے امریکہ میں مشیر سردار ظریف نے کہا کہ پاکستان کو اس موقع سے فائدہ اٹھا کر مسئلہ کشمیر کو حل کروانا چاہئے۔
تقریب کا اہتمام ممتاز تاجر اور سماجی رہنما جمال خٹک نے اپنے ڈیرے پرکیا تھا، جس میں سینئر صحافی اور کالم نگار عارف الحق عارف اور ضرار خان شامل تھے۔اس موقع پر مقررین نے اس کامیابی پر مسلح افواج اور جانباز پائلٹوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے واشنگٹن میں ممتاز پاکستانی صحافیوں فیض رحمن، انور اقبال ، سید اصفر امام، عزیز احمد، عظیم خان جاوید کوثر ، فیصل علی، ضرار خان ۔ سردار زبیر خان، سردار شعیب ارشاد، ممتاز قاری زاہر قاسمی مرحوم کے صاحبزادے محمد انور قاسمی، الیاس مسیح ، سجاد بلوچ، میں وسیم، سعد گوندل،حافظ فاروق شاہد، راجہ عبد القیوم خاں نے بھی خطاب کیا۔آخر میں میزبان جمال خٹک اور سید اصفر امام نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos