بنگلورو : دنیا میں کرکٹ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ آئی پی ایل کی چیمپئن وراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کے اعزاز میں بنگلورو کے چناسوامی سٹیڈیم میں استقبالیہ کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 11 افراد ہلاک اور50سے زائد زخمی ہوگئے۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی جیت کا جشن اس وقت قیامت خیز سانحے میں بدل گیا جب رائل چیلنجرز بنگلورو کی وکٹری پریڈ کے دوران چنا سوامی اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
یہ لوگ رائل چیلنجرز بنگلور کی جیت کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ 18 سال میں پہلی بار آئی پی ایل ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے استقبال کے لیے بدھ کو لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ ان میں نوجوان، خواتین، بچے اور بوڑھے شامل تھے۔
ایک سینیئر پولیس افسر نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ چناسوامی سٹیڈیم کے گیٹ پر بھگدڑ میں تقریباً 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو سٹیڈیم کے دروازے نہیں کھلے تھے لیکن بہت سے لوگوں نے چھوٹے دروازے سے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جس سے بھگدڑ مچ گئی۔
تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس بے قابو ہجوم پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج کر رہی ہے عینی شاہدین اور متاثرین نے انتظامیہ اور حکومت کو مکمل طور پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے اجتماع کے لیے کوئی حفاظتی انتظامات یا ہنگامی سہولیات دستیاب نہیں تھیں۔
واقعے کے بعد ریاستی حکومت اور مقامی انتظامیہ سخت تنقید کی زد میں ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جبکہ کئی شہری تنظیموں نے اسے ”انتظامی غفلت کا نتیجہ“ قرار دیا ہے۔
۔کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ایکس پر لکھا کہ یہ لوگ آر سی بی کی آئی پی ایل جیت کا جشن دیکھنے آئے تھے۔ لیکن اس سانحہ نے ہمیں گہرا دکھ اور صدمہ پہنچایا ہے۔انھوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos