تہران: ایران کے جنوبی صوبے بوشہر میں واقع بندرگاہ دیر پر ایک میتھانول لے جانے والی کشتی میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔
اس حوالے سے شدید آگ اور دھوئیں کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساحلی شہر دیر میں واقع کاوہ پیٹروکیمیکل کارخانے سے بلند شعلے بھڑک رہے ہیں۔ یہ شہر تہران سے تقریباً 1200 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے تصدیق کی ہے کہ آج بدھ کے روز ملک کے ایک پیٹروکیمیکل کمپلیکس میں آگ لگنے کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب، بوشہر صوبے کے شہر دیر کے گورنر نے بتایا کہ دھماکہ کشتی پر ویلڈنگ کے کام کے دوران پیش آیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو، فائر بریگیڈ اور طبی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں تا حال جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اپریل کے آخر میں بندرعباس کی رجائی بندرگاہ میں ایک زبردست دھماکہ ہوا تھا جس میں 70 افراد جاں بحق اور 1200 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos