انڈونیشیا کا آتش فشاں ماونٹ لیووٹوبی لکی لکی پھٹ پڑا

انڈونیشیا کا آتش فشاں ماؤنٹ لیووٹوبی لکی لکی پھٹ پڑا، سیاہ راکھ کا بادل 90 میل دور سے نظر آیا۔

انڈونیشیا میں واقع فعال آتش فشاں ماؤنٹ لیووٹوبی لکی لکی نے شدید دھماکے کے ساتھ راکھ اور گرم مواد فضا میں خارج کر دیا، جس کے بعد آتش فشانی راکھ کا ایک دیوہیکل، مشروم نما بادل فضا میں 11 کلومیٹر (تقریباً 6.8 میل) بلند ہوگیا، یہ منظر 90 میل دور شہروں میں بھی دیکھا گیا۔

حکام نے مقامی آبادی کو نقل مکانی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور امدادی ٹیمیں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے متحرک ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر علاقے میں شدید بارش ہوئی تو یہ راکھ اور لاوا ندی نالوں میں بہہ کر مزید تباہی کا سبب بن سکتا ہے، اسی خطرے کے پیش نظر آتش فشاں سے لگ بھگ 5 میل کے دائرے کو خطرناک قرار دے دیا گیا ہے، جہاں شہریوں کا داخلہ ممنوع ہے۔

اب تک کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، ماونٹ لیووٹوبی لکی لکی 5 ہزار 197 فٹ بلند ہے اور یہ مشرقی فلورز ضلع میں واقع جُڑواں آتش فشانی پہاڑوں میں سے ایک ہے، اس کے ساتھ ماؤنٹ لیووٹوبی پریمپوان بھی موجود ہے۔