اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کو ختم کرنے کیلئے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مالیاتی اسکیم کی منظوری دے دی، 1275 ارب کے گردشی قرض کو ختم کرنے کے لیے قومی بجٹ پر دباؤ ڈالے بغیر نجی بینکوں سے کم شرح پر قرض لیا جائے گا۔
پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کے خاتمے کے حوالے سے وفاقی کابینہ نے پاور سیکٹر میں مالیاتی استحکام کی بحالی کی جانب ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کی سب سے بڑی مالیاتی اسکیم کی منظوری دے دی۔
یہ اسکیم گردشی قرضے کے خاتمے کے لئے ملک کے توانائی کے شعبے کی اصلاحات میں ایک اہم قدم ہے۔ اس اسکیم کا مقصد قومی بجٹ پر نیا مالی دباؤ ڈالے بغیر اگلے چھ برس میں 1,275 ارب روپے کے گردشی قرضے کو ختم کرنا ہے۔
یہ فیصلہ حکومت پاکستان کے پائیدار ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ ، مالیاتی بوجھ کو کم کرنے اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کی معیشت اور بجلی کے شعبے کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، جس سے ملک کو مستحکم مستقبل کی طرف لے جانے میں مدد ملے گی۔
کابینہ کی منظوری کے بعد اب کمرشل بینکوں سے کم ترین شرح پر 1275ارب روپے مالیت کا قرض حاصل کیا جائے گا۔ یہ رقم بینکوں سے تاریخ کی کم ترین شرح تین ماہ (KIBOR) سے 0.9 فیصد کم ریٹ پر ملے گی۔
پہلی بار گردشی قرض کے اسٹاک کو ایک سطح پر رکھنے کے پرانے طریقہ کار کے بجائے بینکوں کی مدد سے اسے بتدریج ختم کیا جائے گا۔
1275ارب روپے آئی پی پیز اور پاور ہولڈنگ کے قرضے کو ختم کرنے کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔ بینکوں سے حاصل شدہ 1275 ارب روپے کو بھی آئندہ چھ برس میں ختم کیا جائے گا۔ اس اقدام سے قومی خزانے پر کوئی مزید مالی بوجھ بھی نہیں آئے گا۔
کابینہ کی طرف سے منظورشدہ پلان کے تحت 683 ارب روپے کی فنانسنگ جو کہ پاور ہولڈنگ کمپنی کے بقایاجات ادا کئے جائیں گے جب کہ پوری فنانسنگ 1275 ارب روپے ہوگی۔
قرضے کی واپسی 24 سہ ماہی اقساط میں جائے گی۔ قرضے پر 3ماہ کے (Kibor) سے 0.9 فیصد کے حساب سے شرح لگے گی جس کی سالانہ 323 ارب روپے کی واپسی کی حد مقرر کی گئی ہے جبکہ مستقبل میں ریٹ زیادہ ہونے کی صورت میں کل 1.938ٹریلین روپے کی حد مقرر کی گئی ہے۔
کمیشن برائے پروٹیکشن آف جرنلسٹس کے چیئرپرسن کی تقرری
وفاقی کابینہ نے وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر کمال الدین ٹیپو کو کمیشن برائے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز کا چیئرپرسن تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹیڈ کو روش پاور پلانٹ کے حصول کے تناظر میں مختلف خدمات کی خریداری کے لئے پاکستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2002 کے سیکشن 21 کے تحت استثنٰی دینے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 21 مئی 2025 کو ہوئے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔