فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سے ملاقات اپنے لیے اعزاز قرار دے دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے سید عاصم منیر کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عاصم منیر سے ملاقات میرے لیے اعزاز ہے، شکریہ کہ وہ مزید جنگ کی طرف نہیں گئے ، میں نے جنگ بندی پر شکریہ کیلیے عاصم منیر کو مدعو کیا تھا۔

ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی قوتیں ہیں، پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات ہورہی ہے، دونوں ممالک کی قیادت بہت عظیم ہے

واضح رہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں تاریخی ملاقات ہوئی ہے۔امریکی صدر نےفیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں ظہرانہ بھی دیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے پہلے وائٹ ہاؤس مدعوکیا گیا جو امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی اسٹریٹجک ترجیح کا واضح اشارہ ہے۔ملاقات اس بات کی غمازی ہے کہ امریکہ علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار سے بخوبی واقف ہے۔

۔ٹرمپ اور فیلڈ مارشل کی ملاقات پاکستان کی عسکری قیادت پر بڑھتے اعتماد، اہمیت کی بھی نشاندہی کرتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات انتہائی خوش گوار ماحول میں ہوئی، جو دو گھنٹے تک جاری رہی، دونوں لیڈرز نے خوش گوار ماحول میں متعدد اور وسیع معاملات پر بات کی، پاک- امریکی تعلقات مفصل طریقے سے زیرِ بحث آئے، جبکہ ایران – اسرائیل جنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، امریکی صدر کا کہنا تھاپاکستان شاید ایران کو بہتر سمجھتا ہے،صدر ٹرمپ نے آرمی چیف کی پاکستان سے لگن اور عزم کی تعریف کی، ذرائع کے مطابق آرمی چیف جاری دورہ امریکہ کے دوران مزید اہم ملاقاتیں بھی کریں گے، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا آج فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے ، پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔ پاکستان اور بھارت کی جنگ میں نے رکوائی اور تجارت پر آمادہ کیا ہے۔دونوں ممالک کی قیادت بہت عظیم ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ مجھے پاکستان بہت پسند ہے اور وہاں کے لوگ بھی بہت اچھے ہیں۔