تہران: ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان ابراہیم زلفقاری کا کہنا ہے کہ امریکہ براہ راست جنگ میں شامل ہو گیا ہے اور اس نے ایران کی ’مقدس سرزمین‘ کی خلاف ورزی کی ہے۔
بی بی سی کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ امریکہ کی خلاف ’طاقتور اور ٹارگٹڈ آپریشنز‘ کیے جائیں گے اور اسے بھاری، افسوسناک اور غیر متوقع نتائج‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔امریکی صدر کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے پاسداران انقلاب کے ترجمان نے انگریزی میں کہا، ’مسٹر ٹرمپ، یہ جنگ شروع آپ نے کی ہے لیکن اسے ختم ہم کریں گے۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایران کے کمانڈر ان چیف امیر حاتمی کو ایک آپریشن روم میں ساتھی افسران سے بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو میں ایرانی کمانڈر ان چیف کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ماضی میں جب بھی امریکہ نے ایران کے خلاف ’مجرمانہ کارروائی‘ کی تو انھیں اس کا ’فیصلہ کن جواب ملا ہے، اور اس بار بھی ایسا ہی ہو گا۔‘
دریں اثنا ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف عبدالرحیم موسوی نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی حملے کے بعد ان کی افواج کی جانب سے امریکی فوجیوں کے خلاف ’کسی بھی قسم کی کارروائی‘ کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ایران ’کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔‘
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos