فوٹو انٹرنیشنل میڈیا
فوٹو انٹرنیشنل میڈیا

تہران میں جیل، فورس ہیڈکوارٹر اور فردو جوہری مرکز پر نئے اسرائیلی حملے

تل ابیب ۔ تہران اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کا کہنا ہے کہ تازہ اسرائیلی حملوں میں تہران میں بسیج فورس کے ہیڈکوارٹر اور اوین جیل کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیرِ دفاع نے دعویٰ کیا کہ اوین جیل میں سیاسی قیدی اور ایرانی حکومت کے دشمن قید ہیں۔

ایرانِ کی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک نیوز ایجنسی فارس نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کسی ڈرون یا دھماکہ خیز مواد کے ذریعے اوین جیل کے مرکزی دروازے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب ایرانی عدلیہ نے بھی جیل پر حملے اور وہاں ہونے والے نقصان کی تصدیق کی ہے۔ تاہم فارس نیوز کے مطابق صورتحال ’قابو میں ہے۔‘

دوسری جانب ایرانی میڈیا پر نشر ہونے والے سرکاری حکام کے بیانات کے مطابق اسرائیل نے ایران میں فردو جوہری مرکز پر بھی حملے کیے ہیں۔

ارنا اور تنسیم نیوز ایجنسی پر صوبہ قُم کی کرائسز مینجمنٹ اتھارٹی کے نشر ہونے والے بیان کے مطابق اسرائیلی نے جوہری مرکز پر حملہ کیا ہے تاہم اس کے سبب ’شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

 ہزاروں شہری بجلی سے محروم ہوگئے: اسرائیلی وزیر

اسرائیل کے وزیرِ توانائی کا کہنا ہے کہ آج صبح ایرانی میزائل حملوں کے بعد ملک میں تقریباً آٹھ ہزار افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام نے ’بجلی کی تنصیبات کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی صورت میں پہلے ہی تیاریاں‘ کر رکھی تھیں اور آئندہ تین گھنٹوں میں وہ بجلی کی فراہمی بحال کر دیں گے۔

اس سے قبل اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن (آئی ای سی) نے ملک کے جنوب میں ’ایک سٹریٹجک مقام پر نقصان‘ کی اطلاع دی تھی جس کے سبب متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔

اسرائیلی کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ ’آئی ای سی کی ٹیمیں متعدد مقامات کی طرف بھیج دی گئی ہیں اور ان کا مقصد جلد از جلد بجلی کی فراہمی بحال کرنا ہے۔‘

خیال رہے اس سے قبل امریکی ایئرفورس نے بھی فردو میں قائم زیرِ زمین جوہری مرکز پر ’بنکر بسٹر بموں‘ کے ذریعے حملہ کیا تھا۔