دوحہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے جنگ بندی پر راضی ہونے کے اعلان پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا، ایران کے سرکاری ٹی وی نے جنگ بندی کے آغاز کی خبر نشر کر دی ہے جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نے بھی طویل خاموشی کے بعد باقاعدہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل نے اسرائیل اور اس کے ’دہشتگرد حامیوں‘ کے خلاف جنگ روکنے کے بارے میں ایک بیان جاری کیا ہے، کونسل نے خبردار بھی کیا ہے کہ مزید کسی بھی جارحیت کا ایران کی جانب سے فیصلہ کن، سخت اور بروقت جواب دیا جائے گا۔
بیان میں ایرانی عوام کی بیداری، برداشت اور اتحاد کی تعریف کی گئی ہے۔ کونسل کا کہنا ہے کہ دشمن کی شکست ایرانیوں کے پختہ عزم، سٹریٹجک صبر اور ذلت یا یکطرفہ سمجھوتہ کو قبول کرنے سے انکار کی وجہ سے ہوئی ہے۔
بیان میں ایران اور اس کی افواج کو ایران پر حملوں کے جواب میں فیصلہ کن اور نپی تلی کارروائیوں کو بھی سراہا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے طویل خاموشی کے بعد باقاعدہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا، جنگ بندی کا فیصلہ امریکی صدر ٹرمپ سے ہم آہنگی کے بعد کیا گیا، امریکی تجویز سے اتفاق کر لیا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں خبر دار کیا گیا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی پر بھرپور جواب دیا جائے گا، قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
اسرائیلی حکومت نے اپنے ایک بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران کےساتھ جنگ کےتمام اہداف حاصل کر لیے ہیں۔
اس سے پہلے ایران کی جانب سے جنگ بندی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جنگ بندی اعلان کے بعد ایران میں شہری جشن مناتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور خوشی کا اظہار کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos