نئی دہلی: انڈیا کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی جوہری صلاحیت کے حامل اور کم فاصلے تک مار کرنے والی بیلسٹک میزائلوں پرتھوی-ٹو اور اگنی-ون کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
انڈین حکومت کے مطابق یہ تجربہ جمعرات کی رات ریاست اوڈیشہ (اڑیسہ) کے علاقے چندی پور میں واقع انٹیگریٹڈ ٹیسٹ رینج (آئی ٹی آر) سے کیا گیا ہے۔
انڈین وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب تجربات ’اسٹریٹجک فورسز کمانڈ‘ کی نگرانی میں کیے گئے ہیں اور اِن میں تمام عملی اور تکنیکی پہلوؤں کی تصدیق کی گئی۔
وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق: ’کم فاصلے تک مار کرنے والی بیلسٹک میزائلوں، پرتھوی-ٹو اور اگنی-ون، کو 17 جولائی کو اڑیسہ کے شہر چندی پور میں انٹیگریٹڈ ٹیسٹ رینج سے کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا۔ ان لانچز میں تمام عملی اور تکنیکی پہلوؤں کی کامیابی سے تصدیق کی گئی ہے۔‘
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس کامیابی پر انڈین فوج، ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) اور وزارت دفاع کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ایک قابلِ ذکر کامیابی ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل یعنی بدھ کے روز انڈیا نے لداخ میں آکاش پرائم میزائل کا بھی ’کامیاب تجربہ‘ کیا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos