فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

روس کا مسافر طیارہ پہاڑوں میں گر کر تباہ، 50افراد ہلاک

ماسکو: روس کے ایک دور دراز علاقے امور ریجن میں ایک پرانا اے این-24 مسافر طیارہ خراب موسم کے باعث گر کر تباہ ہو گیا۔

حکام کے مطابق، اس سانحے میں تمام 50 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے، جن میں 5 بچے بھی شامل تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ طیارہ خاباروفسک–بلاگوویشچینسک–ٹنڈا روٹ پر پرواز کر رہا تھا، جب ٹنڈا ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی دوسری کوشش کے دوران لاپتہ ہوگیا۔

ہیلی کاپٹرز کی مدد سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم گھنے جنگلات اور خراب موسم ریسکیو آپریشن میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تاحال کسی زندہ شخص کے آثار نہیں ملے، اور یہ سانحہ روس کی حالیہ ہوابازی کی تاریخ کا ایک اور المناک باب بن گیا ہے۔

علاقائی گورنر واسیلی اورلوف نے ابتدائی معلومات دیتے ہوئے کہا کہ طیارے میں 43 مسافر سوار تھے، جن میں پانچ بچے شامل تھے، جبکہ عملے کے چھ افراد بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ طیارے کی تلاش کے لیے تمام ضروری وسائل اور امدادی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔