نئی دہلی: بھارت میں اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے لوک سبھا میں اپنی دھواں دھار تقریر میں مودی اور ان کی حکومت کے بے سر وپا دعوؤں کے پرخچے اُڑا کر رکھ دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی نے کہا کہ اگر آپ نے کوئی جنگ بندی نہیں کی اور پاک فضائیہ نے بھارت کے طیارے نہیں گرائے تو آپ لوک سبھا میں کھڑے ہو کر کہیں کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں۔
لوک سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے راہول گاندھی نے مزید کہا کہ اگر آپ میں ہمت ہے تو ابھی پارلیمان میں کھڑے ہوکر امریکی صدر کے بیان کی تردید کریں۔
راہول گاندھی نے مزید کہا کہ اگر مودی میں اندرا گاندھی جیسی جرات ہے تو وہ حقیقت بیان کریں اور قوم کو گمراہ کرنے کے بجائے پاکستان کے ساتھ جنگ میں جو ہوا ہے وہ سچ سچ بتائیں۔
خیال رہے کہ لوک سبھا کے اجلاس میں ارکان اسمبلی نے مودی سرکار کے نام نہاد ’’آپریشن سندور‘‘ کی قلعی کھول کر رکھ دی۔
اپوزیشن ارکان اسمبلی نے وزیر اعظم مودی کو پاکستان سے جنگ میں جانی اور مالی نقصان کو چھپانے، حقائق بتانے سے گریز کرنے، ناکام حکمت عملی، اور عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ متاثر کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا ہے کہ انھوں نے پاک بھارت جنگ کو رکوایا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos