ٹوکیو: جاپان کے شہر ہیرو شیما پر امریکی ایٹمی حملے کو آج 80 سال بیت گئے۔
ہیرو شیما پر امریکی ایٹمی حملے کے 80 سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں موجود ہیروشیما کے میئر کازومی ماتسوئی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دنیا کے سیاسی رہنماؤں میں یہ خیال بڑھتا جا رہا ہے کہ اپنے ملکوں کی حفاظت کے لیے جوہری ہتھیاروں کا ہونا ناگزیر ہے۔ یہ صورتحال ناصرف ماضی کی المناک تاریخ سے بین الاقوامی برادری کے سیکھے ہوئے اسباق کو ختم کرتی ہے بلکہ قیام امن کے لیے بنائے گئے فریم ورک کو بھی بری طرح نقصان پہنچاتی ہے۔
دنیا بھر کے تمام رہنماؤں کے لیے میئر ہیروشیما نے کہا کہ براہِ کرم ہیروشیما کا دورہ کریں اور ایٹم بم حملے کی حقیقت کا مشاہدہ کریں تاکہ اس سے سبق حاصل ہو۔
واضح رہے کہ 6 اگست، 1945 کو دوسری عالمی جنگ کے دوران ہیرو شیما پر ایٹم بم حملے میں 1 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھےجبکہ 9 اگست 1945 کو ناگا ساکی پر دوسرے ایٹمی حملے میں 74 ہزار افراد کی ہلاکت کا تخمینہ لگایا گیا تھا ۔حملوں کے بعد جاپان نے 15 اگست کو ہتھیار ڈال دیئے تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos