کینبرا: وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا بھی اگلے ماہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرلے گا۔ یہ پیش رفت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب فرانس، برطانیہ اور کینیڈا بھی ایسا ہی اعلان کر چکے ہیں، اور دنیا بھر سے اسرائیل پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
البانیز کے مطابق یہ فیصلہ دو ریاستی حل کی حمایت، غزہ میں جنگ بندی، اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے عالمی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی سے یہ یقین دہانی لی گئی ہے کہ مستقبل کی کسی بھی ریاست میں حماس کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔
وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ صرف فوجی کارروائیاں مسئلے کا حل نہیں ہیں، سیاسی راستہ اپنانا ہوگا۔ انہوں نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو بتایا کہ دنیا کے مطالبات اور قانونی تقاضوں کو نظر انداز کرنا صورتحال کو مزید خراب کر رہا ہے۔
البانیز نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے غیر قانونی بستیوں کا پھیلاؤ اور فلسطینی ریاست کی کھلی مخالفت دو ریاستی حل کے امکانات کو ختم کر رہی ہے۔ اس لیے اب اقدام ناگزیر ہو گیا ہے۔
فلسطینی اتھارٹی نے حکومت میں اصلاحات، غیر مسلح ہونے، اور عام انتخابات کرانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ عرب لیگ بھی چاہتی ہے کہ حماس غزہ کی حکمرانی چھوڑ دے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos