غزہ پر قیامت خیز حملے، مزید 63 فلسطینی شہید

غزہ، اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری فضائی و زمینی حملوں میں مزید 63 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق ان میں 22 ایسے افراد شامل ہیں جو امداد کے حصول کیلئے قطار میں کھڑے تھے، خان یونس میں خیمہ بستیاں پھرگولہ باری کی زد میں آگئیں، جس کے نتیجے میں 6 بچوں سمیت 16 فلسطینی شہید ہو گئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق گولہ باری کا ہدف وہ علاقے تھے جہاں پہلے ہی بے گھرافراد پناہ لیے ہوئے تھے، ادھر غزہ میں قحط کی صورت حال سنگین ہو گئی ہے۔

عرب میڈیا نے بتایا کہ بھوک اور غذائی قلت کے باعث 2 بچوں سمیت مزید 8 افراد شہید ہو چکے ہیں، قحط سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 281 ہو گئی ہے، جن میں 114 بچے شامل ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی حملوں سے شہدا کی مجموعی تعداد 62 ہزارسے تجاوزکرگئی ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے اب غزہ سٹی کے قلب میں داخلے کے لئے ٹینک تعینات کر دیے ہیں۔