زیلنسکی کی روسی صدر سے براہِ راست مذاکرات کی اپیل

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے یومِ آزادی کی تقریب کے موقع پر روسی صدر سے براہِ راست مذاکرات کی اپیل کی۔ اس تقریب میں امریکی اور مغربی نمائندے بھی شریک تھے۔

زیلنسکی کا کہنا تھا کہ وہ روس کو امن کی طرف لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے امریکی ایلچی کیتھ کیلوگ کو ’’آرڈر آف میرٹ‘‘ ایوارڈ بھی دیا۔

دوسری جانب جنگ اپنے چوتھے سال میں داخل ہوتے ہی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔ یوکرین کی جانب سے روس میں ڈرون حملے کیے گئے جن میں ایک ڈرون کورسک نیوکلیئر پاور پلانٹ کے قریب گرا، جبکہ روسی حکام کے مطابق یوکرینی ڈرونز سینٹ پیٹرزبرگ سمیت کئی علاقوں میں مار گرائے گئے۔

اتوار کے روز دونوں ممالک نے 146، 146 قیدیوں اور شہریوں کو رہا کیا، جو اس تنازع میں تعاون کی ایک نادر مثال ہے۔

رپورٹس کے مطابق روسی فوج نے مشرقی ڈونیٹسک کے دو دیہات پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم یوکرینی کمانڈر اولیکساندر سیرسکی کا کہنا ہے کہ یوکرین نے تین دیہات دوبارہ حاصل کر لیے ہیں۔

اسی دوران کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے کیف کے دورے میں کہا کہ یوکرین کی آزادی اور خودمختاری کا فیصلہ روس نہیں کرے گا۔