سیستان بلوچستان ، ایرانی فورسز کا آپریشن،13 شدت پسند ہلاک

ایرانی فورسز نے سیستان بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 13 مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ آپریشن ایرانشہر، خاش اور سراوان کے اضلاع میں کیا گیا، جہاں ان عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی جو حالیہ دنوں پولیس پر حملوں میں ملوث تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں وہ افراد بھی شامل ہیں جن پر ایرانشہر میں پولیس پر کیے گئے حملے کا الزام ہے، جس میں پانچ اہلکار جان کی بازی ہار گئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری تنظیم *جیش العدل* نے قبول کی تھی، جو ماضی میں بھی ایرانی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتی رہی ہے۔

خیال رہے کہ سیستان بلوچستان ایران کا سرحدی خطہ ہے جو پاکستان اور افغانستان سے ملا ہوا ہے۔ اس علاقے میں عرصہ دراز سے فورسز اور مختلف مسلح گروہوں، منشیات کے اسمگلروں اور علیحدگی پسندوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔