مانچسٹر میں عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر عظیم الشان جلوس نکالا گیا

مانچسٹر میں عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر عظیم الشان جلوس نکالا گیا جس میں مقامی اور غیر مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا وکٹوریہ مسجد پر اختتام پذیر ہوا۔

اس موقع پر رکن برطانوی پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ یہ دن خوشی اور عقیدت کا مظہر ہے، میلاد کے جلوس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہو کر اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ رحمت العالمین ہیں اور ہمیں ان کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گزارنی چاہیے۔

افضل خان کا کہنا تھا کہ میلاد صرف ایک دن کی خوشی نہیں بلکہ ہمیں ہر روز اپنی زندگی میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنانے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ ہم نہ صرف بہتر مسلمان بلکہ برطانیہ کے ذمہ دار شہری بھی بن سکیں۔