افغانستان میں خوفناک زلزلہ، 20 افراد جاں بحق، 115 زخمی

افغانستان 6.0 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق جبکہ 115 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ کنڑ اور ننگرہار میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ مقامی وقت کے مطابق یہ زلزلہ رات 11 بجکر 47 منٹ پر آیا اور تقریباً 20 منٹ بعد 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا بھی محسوس کیا گیا جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بیان میں کہا کہ زلزلے سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے، تاہم متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ٹیمیں متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہیں۔