افغانستان میں زلزلے نے تباہی مچا دی،622 افراد جاں بحق،1000 زخمی

افغانستان میں رات گئے آنے والے 6 شدت کے خوفناک زلزلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم622 افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہو گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا جبکہ اس کی گہرائی 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں نور گل، سوکی، وٹ پور، مانوگی اور چپہ درہ شامل ہیں۔

ننگرہار میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے اور درجنوں زخمیوں کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد کے مطابق زلزلے سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ مقامی حکام اور شہری ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ قریبی صوبوں سے امدادی ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں۔