ٹرمپ کی حماس کو آخری وارننگ، مغویوں کی فوری رہائی کا مطالبہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی مغویوں کو فوراً رہا کیا جائے، بصورتِ دیگر نتائج خطرناک ہوں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل ان کی شرائط پہلے ہی قبول کر چکا ہے، اب حماس کو بھی فیصلہ کرنا ہوگا۔ ’’یہ میری حماس کے لیے آخری وارننگ ہے، اس کے بعد کوئی اور موقع نہیں دیا جائے گا‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق حماس کے قبضے میں 20 زندہ مغوی اور تقریباً 38 لاشیں موجود ہیں۔ صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ غزہ کے معاملے پر جلد کسی معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے۔

روس اور یوکرین کی جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس اس صورتحال سے خوش نہیں ہے اور وہ جلد صدر پیوٹن سے اس معاملے پر بات کریں گے۔ ان کے مطابق اس جنگ میں ہر ہفتے تقریباً 7 ہزار افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ نے دنیا کی سات بڑی جنگوں کو ختم کرایا، جو بظاہر ناممکن لگ رہی تھیں، اور اب متعلقہ فریقین پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔

دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ انہیں ثالثوں کے ذریعے کچھ تجاویز موصول ہوئی ہیں اور وہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکی تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔