اسرائیل نے یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدیں ختم کر دیں: قطری وزیراعظم

قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے اقدامات نے یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ دوحہ پر اسرائیلی حملے کا جواب خطے کے شراکت داروں سے مشاورت کے بعد دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کی تیاری جاری ہے لیکن اس کے انعقاد کی کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کی گئی۔

شیخ محمد بن عبدالرحمٰن نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے، کیونکہ ان کے فیصلوں نے یرغمالیوں کے لیے کسی بھی قسم کی امید باقی نہیں چھوڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ جس روز اسرائیل نے حملہ کیا، اسی دن وہ اسرائیلی یرغمالیوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر رہے تھے، تاہم منگل کو اسرائیلی کارروائی کے نتیجے میں حماس اہلکار نشانہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ یرغمالیوں کے اہلِ خانہ مذاکرات کی کامیابی کے منتظر تھے لیکن اب ان کے لیے بھی تمام امیدیں ختم ہو گئی ہیں۔ قطر اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف عالمی عدالت سے انصاف چاہتا ہے۔