امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قدامت پسند تجزیہ کار چارلی کرک کی موت امریکا کے لیے ایک سیاہ لمحہ ہے۔ ان کے مطابق چارلی کرک نے حق اور سچائی کی راہ میں اپنی جان قربان کی۔
غیر ملکی رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے اپنے بیان میں اس واقعے کو گھناؤنا جرم قرار دیا اور کہا کہ چارلی کرک کی آواز اب پہلے سے زیادہ مضبوط اور مؤثر ہو گئی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل” پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ بنیاد پرست بائیں بازو کے حلقے برسوں سے چارلی جیسے محب وطن امریکیوں کو بدنام کرتے رہے ہیں، اور ان کا موازنہ نازیوں اور خطرناک مجرموں سے کرتے آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بائیں بازو کی انتہا پسندانہ بیان بازی امریکا میں تشدد اور دہشت گردی کو ہوا دیتی ہے، جس کے نتیجے میں کئی معصوم جانیں ضائع ہوئیں۔ ٹرمپ نے مطالبہ کیا کہ اس طرح کی بیان بازی پر فوری پابندی عائد کی جائے۔
صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ان کی انتظامیہ ہر اس فرد اور تنظیم کے خلاف سخت کارروائی کرے گی جو اس واقعے میں ملوث یا اس کی پشت پناہی کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست یوٹاہ میں ایک یونیورسٹی تقریب کے دوران چارلی کرک پر فائرنگ کی گئی تھی۔ گردن میں گولی لگنے کے باعث وہ شدید زخمی ہوئے اور اسپتال منتقل کیے گئے لیکن جانبر نہ ہوسکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos