کٹھمنڈو: نیپال کی سابق چیف جسٹس سشیلا کارکی نے ملک کی پہلی عبوری خاتون وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ وہ عام انتخابات سے قبل چھ ماہ کے لیے حکومت کی قیادت کریں گی۔
صدارتی محل میں منعقدہ سادہ تقریب کے دوران صدر رام چندر پاڈیل نے انہیں وزیراعظم کے عہدے کا حلف دلایا۔ اس موقع پر کارکی نے کہا: میں سشیلا کارکی ملک اور عوام کے نام حلف لیتی ہوں کہ وزیر اعظم کے طور پر اپنا فرض پورا کروں گی۔‘‘*
صدر پاڈیل نے تقریب کے بعد کارکی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی اور ملک کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حالیہ دنوں میں کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کے باعث نیپال سیاسی افراتفری کا شکار رہا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوششوں نے صورتحال کو مزید کشیدہ کر دیا تھا۔
سشیلا کارکی کی عبوری حکومت کا بنیادی مقصد سیاسی استحکام قائم کرنا اور آئندہ عام انتخابات کی نگرانی کرنا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos