ایشیا کپ 2025 اپنے جوبن پر ہے اور ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اور دلچسپ مقابلہ قریب آ رہا ہے۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت اتوار، 14 ستمبر کو چھٹے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے، جس پر شائقینِ کرکٹ کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
کرکٹ کی تاریخ میں دونوں ممالک کئی بار ایشیا کپ جیت چکے ہیں۔ پاکستان نے یہ اعزاز دو مرتبہ (2000 اور 2012) حاصل کیا جبکہ بھارت نے آٹھ مرتبہ (1984، 1988، 1990، 1995، 2010، 2016، 2018 اور 2023) ایشیا کپ جیت کر برتری قائم رکھی ہے۔
ایشیا کپ کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 19 مقابلے ہوئے، جن میں بھارت نے 10 اور پاکستان نے 6 فتوحات حاصل کیں جبکہ 3 میچز بارش کے باعث بے نتیجہ رہے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھارت نے دو اور پاکستان نے ایک کامیابی اپنے نام کی۔
ماضی کے یادگار مقابلوں میں 1995 کا میچ شامل ہے جب پاکستان نے بھارت کو 97 رنز سے شکست دی، 2008 میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ مدِ مقابل آئیں اور ایک ایک فتح اپنے نام کی۔ 2022 اور 2023 میں بھی بھارت اور پاکستان دو دو مرتبہ آمنے سامنے آئے، جہاں بھارت نے زیادہ کامیابیاں سمیٹیں۔
رواں برس دونوں ٹیمیں اچھی فارم میں نظر آ رہی ہیں۔ بھارتی ٹیم پچھلے ریکارڈ کی بدولت دباؤ میں کمزور دکھائی نہیں دیتی جبکہ پاکستان کو فتح کے لیے جارحانہ آغاز، مستحکم بیٹنگ لائن اور اہم لمحات میں اعصاب پر قابو رکھنے کی ضرورت ہوگی۔
ماہرین کے مطابق میچ کے نتیجے پر پچ کی صورتحال، موسم اور ٹاس کا بھی گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ٹاکرا صرف کھلاڑیوں کے لیے ہی نہیں بلکہ شائقین کے لیے بھی ایک یادگار کرکٹ ڈرامہ ثابت ہونے جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos