واشنگٹن: امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ قطر پر حالیہ اسرائیلی حملے سے خوش نہیں ہیں اور اس معاملے پر جلد ہی اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے بات کریں گے۔
روبیو نے کہا کہ قطر کی میٹنگ میں امریکا شریک نہیں ہو رہا کیونکہ ہماری توجہ مستقبل کی حکمت عملی پر مرکوز ہے۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ حماس کو شکست دی جائے، جنگ ختم ہو اور تمام 48 مغوی افراد چاہے زندہ ہوں یا جاں بحق واپس لائے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے واقعات نے ان مقاصد کے حصول پر سوالات کھڑے کیے ہیں، اسی لیے نیتن یاہو سے ملاقات اہم ہے۔
امریکی صدر اور مارکو روبیو نے قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی سے بھی ملاقات کی، جس میں اسرائیلی کارروائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلۂ خیال ہوا۔ یہ ملاقات اس بات کی علامت قرار دی گئی کہ ٹرمپ انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ توازن قائم رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ دوحہ میں حماس رہنماؤں پر اسرائیلی حملے کے بعد عالمی سطح پر شدید مذمت سامنے آئی ہے، جب کہ اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق بحث بھی متوقع ہے، جس کی اسرائیل بھرپور مخالفت کر رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos