اسٹارلنک سروس میں خرابی، امریکا میں ہزاروں صارفین متاثر

امریکا میں ایلون مسک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹارلنک میں اچانک تکنیکی خلل پیدا ہوگیا، جس کے باعث ہزاروں صارفین متاثر ہوئے۔

کمپنی کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق سروس فی الحال متاثر ہے اور ماہرین اس مسئلے کی وجوہات جاننے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

آؤٹج مانیٹرنگ پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے اعداد و شمار کے مطابق، امریکا میں 43 ہزار سے زیادہ صارفین نے انٹرنیٹ منقطع ہونے اور غیر متوقع کنکشن مسائل کی شکایات درج کرائیں۔

اسٹارلنک، ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے تحت کام کرتی ہے اور کم مدار والے سیٹلائٹس کے ذریعے دنیا بھر میں انٹرنیٹ فراہم کرتی ہے۔ یہ سہولت زیادہ تر دور دراز، جنگ زدہ اور مشکل رسائی والے علاقوں میں استعمال کی جاتی ہے۔

اب تک اسپیس ایکس کی جانب سے اس تعطل کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔