فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

اسرائیل کو تمام جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے،او آئی سی

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین طہٰ نے قطر کی خودمختاری اور سلامتی پر اسرائیلی حملے کی تنظیم کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

 دوحہ میں عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے خطاب میں انھوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمے داریوں کو پورا کرے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اسرائیل کو اس کے تمام جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے، اور کہا کہ قطر پر حملہ فلسطینی عوام کے خلاف اس کے جرائم کی توسیع ہے۔

انھوں نے جنگ بندی، پوری غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی فراہمی، وہاں سے اسرائیلی فوج کے انخلا اور فلسطینی حکومت کو پٹی میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے بااختیار بنانے کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی ضرورت پر زور دیا۔

انھوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سربراہی اجلاس کے نتائج سے عرب اسلامی یکجہتی کو تقویت ملے گی۔

عالمی برادری اسرائیل کے رویے پر خاموش رہنا چھوڑ  دے، سیکریٹری جنرل عرب لیگ

سیکریٹری جنرل عرب لیگ احمد ابوالغیط نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسے وقت میں اکٹھے ہوئے ہیں جب خطے کو بہت چیلنجز درپیش ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیل کی دہشت گردی نے صورتحال کو گمبھیرکردیا ہے، فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف آواز بلند کرنا ہم سب کی ذمے داری ہے۔

احمد ابوالغیط نے کہا کہ عالمی برادری کوجنگی جرائم پر اسرائیل کی جوابدہی کرنا ہوگی۔