طالبان نے بگرام ایئربیس پر امریکی کنٹرول کا امکان مسترد کردیا

کابل: امارتِ اسلامیہ افغانستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کو رد کر دیا ہے جس میں انہوں نے افغانستان کی بگرام ایئربیس کو دوبارہ اپنے کنٹرول میں لینے کی بات کی تھی۔

افغان وزارتِ خارجہ کے نمائندے ذاکر جلالی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ افغان عوام نے کبھی اپنی سرزمین پر غیر ملکی افواج کو قبول نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دوحہ معاہدے کے دوران بھی ایسے کسی امکان کو مکمل طور پر خارج کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات صرف اس صورت میں ممکن ہیں جب وہ افغانستان میں اپنی فوجی موجودگی ختم کرے اور باہمی احترام و مشترکہ مفادات کی بنیاد پر سیاسی و اقتصادی روابط استوار ہوں۔