سعودی عرب دفاعی معاہدے کے بعد حوثیوں کی پاکستان کو دھمکی کا بھارتی دعویٰ جھوٹا

ریاض میں 16 ستمبر 2025 کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے پاکستان کے خلاف منفی مہم شروع کر دی۔ بھارتی صارفین نے ایک پرانی ویڈیو کلپ کو بنیاد بنا کر دعویٰ کیا کہ ایک حوثی اہلکار نے پاکستان کو مبینہ طور پر دھمکی دی ہے۔

تاہم فیکٹ چیکنگ ویب سائٹ آئی ویری فائی پاکستان نے اس دعوے کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی اس میں پاکستان کا ذکر ہے۔

بھارتی پروپیگنڈا اکاؤنٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے معاہدے کے تحت 25 ہزار فوجی یمن کی سرحد پر تعینات کیے ہیں اور اس کے جواب میں حوثی اہلکار نے دھمکی دی۔ لیکن ویڈیو دراصل حوثی ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع کی تھی، جو 14 مئی 2024 کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف بیان دے رہے تھے۔

ان کے الفاظ میں پاکستان کا کہیں ذکر نہیں تھا بلکہ انہوں نے کہا تھا:
”غزہ ہمارے لیے سرخ لکیر ہے، اگر دشمن نے جارحیت جاری رکھی تو ہم ایسے اہداف کو نشانہ بنائیں گے جن کا تصور بھی دشمن نے نہیں کیا ہوگا۔

یہ ویڈیو لبنانی نیوز چینل المیادین اور ایرانی میڈیا نے مئی 2024 میں شائع کی تھی۔ اس طرح یہ بات واضح ہوگئی کہ بھارتی سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا بیانیہ سراسر جھوٹ اور پروپیگنڈا ہے۔