برطانیہ آج فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا، وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا اعلان

 

لندن: برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ آج باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لے گا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث اپنی پالیسی میں تبدیلی کی جا رہی ہے اور آج دوپہر باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پرتگال پہلے ہی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔ جبکہ کینیڈا اور فرانس بھی ان ممالک میں شامل ہیں جو جلد فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل غزہ میں فوجی کارروائیوں کے دوران بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جسے عالمی سطح پر نسل کشی کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔

پرتگال نے جولائی میں ہی واضح کیا تھا کہ وہ غزہ میں انسانی بحران اور اسرائیل کی جانب سے فلسطینی زمین کو ضم کرنے کی دھمکیوں کے باعث اس سمت قدم اٹھائے گا۔

اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے تقریباً تین چوتھائی پہلے ہی فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔