چینی ایئر لائن نے دنیا کی طویل ترین 29 گھنٹے کی پرواز کا اعلان

1بیجنگ: چینی ایئر لائن نے دنیا کی سب سے طویل پرواز متعارف کرا دی ہے جس کا دورانیہ 29 گھنٹے ہوگا، اور اس کی بکنگ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ پرواز ایم یو 746 ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس سے چین کے شہر شنگھائی تک آپریٹ کرے گی۔

شنگھائی سے بیونس آئرس کے درمیان یہ سفر 12,500 میل پر مشتمل ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق بیونس آئرس سے شنگھائی تک پرواز کا دورانیہ 25.5 گھنٹے ہوگا، جبکہ مجموعی سفر کے دوران نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں 2 گھنٹے کا قیام بھی شامل ہوگا۔

چینی ایئر لائن حکام کے مطابق یہ دنیا کا پہلا کمرشل روٹ ہے جو زمین کے دو متضاد کونوں کے بڑے شہروں کو آپس میں جوڑتا ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت دنیا کی طویل ترین نان اسٹاپ پرواز کا ریکارڈ سنگاپور ایئرلائن کے پاس ہے، جو سنگاپور سے نیویارک تک کا سفر 19 گھنٹے میں طے کرتی ہے۔