لسبن: برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد پرتگال نے بھی فلسطین کو باضابطہ طور پر ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق پرتگالی وزیر خارجہ پاولو رینجل نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ہماری خارجہ پالیسی کا مستقل اور بنیادی حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو ریاستی حل ہی مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کا واحد راستہ ہے، تاہم غزہ میں جاری انسانی بحران ختم کرنے کے لیے فوری جنگ بندی ناگزیر ہے۔
برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کا فیصلہ
اس سے قبل برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا تھا کہ برطانیہ نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرلیا ہے تاکہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے امن کی نئی امید پیدا ہو۔
اسی طرح کینیڈا اور آسٹریلیا نے بھی فلسطین کو تسلیم کرلیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ اقدامات اسرائیل اور اس کے قریبی اتحادی امریکا کے لیے تشویش کا باعث بن سکتے ہیں۔ مزید ممالک کی جانب سے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران فلسطین کو تسلیم کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فلسطینی ردعمل
لندن میں فلسطینی مشن کے سربراہ حسام زملط نے کہا کہ برطانیہ اور دیگر ممالک کے فیصلے کا طویل عرصے سے انتظار تھا۔ ان کے مطابق یہ قدم نہ صرف انصاف اور امن کی طرف پیش رفت ہے بلکہ تاریخی غلطیوں کی درستگی بھی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos