چین کی عالمی برادری سے فلسطین کی اقوام متحدہ رکنیت کی حمایت کی اپیل

بیجنگ: چین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کے فیصلے کی حمایت کرے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے بیان میں کہا کہ چین غزہ میں جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دو برسوں سے جاری جنگ نے بے مثال انسانی المیے کو جنم دیا ہے، جبکہ اسرائیلی کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور دو ریاستی حل کے لیے خطرہ ہیں۔

تین لازمی اقدامات

وانگ یی نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیل-فلسطین تنازع کے حل کے لیے تین اقدامات ناگزیر طور پر کرنے چاہییں:

1. غزہ میں فوری اور جامع جنگ بندی۔
2. فلسطینی عوام کو اپنے علاقے پر حکمرانی کا حق دینا۔
3. دو ریاستی حل کو مضبوطی سے قائم رکھنا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امن کے مستقل قیام کے لیے ضروری ہے کہ فلسطین کو اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت دی جائے۔