دوحہ حملہ امن عمل سبوتاژ کرنے کی سازش تھا،اسرائیل بے نقاب ہوگیا:امیر قطر
دوحہ حملہ امن عمل سبوتاژ کرنے کی سازش تھا،اسرائیل بے نقاب ہوگیا:امیر قطر

دوحہ حملہ امن عمل سبوتاژ کرنے کی سازش تھا،اسرائیل بے نقاب ہوگیا:امیر قطر

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے 9 ستمبر کے دوحہ فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ امن عمل کو ناکام بنانے اور سیاسی قتل و غارت پر مبنی اسرائیلی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔

امیر قطر نے بتایا کہ اس حملے میں ایک قطری شہری بھی جاں بحق ہوا اور یہ ثابت کرتا ہے کہ اسرائیل مذاکرات کے پردے میں اپنے مخالفین کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔

شیخ تمیم نے کہا کہ اسرائیلی حکام قطر میں آ کر مذاکرات کا ڈرامہ رچاتے ہیں لیکن درحقیقت انھی ٹیموں کے افراد کو نشانہ بناتے ہیں۔ ان کے مطابق اسرائیل غزہ کو ناقابلِ رہائش بنانے اور ’’گریٹر اسرائیل‘‘ منصوبے کے تحت نئی بستیاں بسانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

قطری امیر نے زور دیا کہ اسرائیل جنگ کو طول دے کر مقدس مقامات کی حیثیت بدلنے کا خواب دیکھ رہا ہے۔ تاہم قطر امریکا اور مصر کے ساتھ مل کر غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی اصول سب پر یکساں لاگو ہونے چاہئیں، بصورت دیگر عالمی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔