فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کا ریل گاڑی پر نصب لانچر سے اگنی میزائل کے کامیاب تجربے کا دعویٰ

نئی دہلی: بھارت کے دفاعی تحقیق کے ادارے ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے پہلی مرتبہ ریل کی پٹری پر چلنے والے موبائل لانچر سے درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے اگنی پرائم میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

 بھارت کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے یہ خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ ریل پر مبنی موبائل لانچر سے کیا گیا اپنی نوعیت کا پہلا میزائل لانچ ہے۔

راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ یہ لانچر بغیر کسی پیشگی تیاری کے ریل نیٹ ورک پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس صلاحیت کے باعث اسے کم وقت میں ملک میں کہیں بھی لے جایا جا سکتا ہے اور انتہائی مختصر مدت میں اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

بھارتی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ میزائل 2 ہزار کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتا ہے اور اس میں کئی جدید خصوصیات ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اس کامیاب تجربے کے بعد انڈیا ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جن کے پاس ریلوے نیٹورک پرمبنی لانچر سے میزائل داغنے کی صلاحیت ہے۔