واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیرملکی دواؤں، ہیوی ٹرکوں اور گھریلو فرنیچر پر بھاری ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل” پر اعلان کیا کہ امریکا میں پیداوار نہ کرنے والی کمپنیوں کی برانڈڈ یا پیٹنٹ شدہ دواؤں پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
نئے ٹیرف کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔ اس اعلان کے بعد ایشیا بالخصوص بھارت کی بڑی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے شیئرز گرگئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کی ان فارما سیوٹیکل کمپنیوں کو اس نئے ٹیرف چھوٹ سے ملے گی جو امریکا میں اپنے پلانٹس لگائیں گے۔
خیال رہے کہ بھارت ہر سال 10 ارب ڈالر مالیت سے زائد کی دوائیں امریکا برآمد کرتا ہے۔ جنوبی کوریا بھی اس ٹیرف کی زد میں آئے گا۔
آسٹریلیا نے 2024 میں امریکا کو تقریباً 1.3 ارب ڈالر مالیت کی ادویات برآمد کی تھی۔ اس نے بھی صدر ٹرمپ کے اس فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے۔
یورپی یونین نے کہا کہ جولائی میں طے پانے والے تجارتی معاہدے کے تحت یورپی دواؤں کی برآمدات پر 15 فیصد سے زیادہ ٹیرف نہیں لگایا جا سکتا جو یورپی کمپنیوں کے لیے ایک انشورنس پالیسی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos