اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی وزیر خارجہ کے الزامات کے جواب میں پاکستان نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑ رہا ہے۔
پاکستانی مندوب محمد راشد نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بھارت مسلسل پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کرتا ہے، حالانکہ دنیا جانتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دے چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نہ صرف دہشت گردوں کا پشت پناہ ہے بلکہ سرحد پار نیٹ ورک چلا کر پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔ انہوں نے کلبھوشن یادو کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
محمد راشد نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے جہاں روزانہ ماورائے عدالت قتل، بلاجواز گرفتاریاں اور ریاستی جبر معمول بن چکا ہے۔
انہوں نے پہلگام واقعہ کے حوالے سے بھارتی الزامات کو بھی مسترد کیا اور کہا کہ پاکستان نے شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی مگر بھارت نے اسے فوراً رد کر دیا۔ اس واقعے کو جواز بنا کر بھارت نے پاکستان پر کھلی جارحیت کی جس میں 54 معصوم شہری شہید ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
پاکستانی مندوب نے خبردار کیا کہ بھارت کا رویہ بین الاقوامی قوانین کے لیے سنگین خطرہ ہے، عالمی برادری کو ایسی روش کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن اور ترقی کا خواہاں ہے، جنوبی ایشیا کے تقریباً دو ارب عوام خوشحالی کے حق دار ہیں اور اس کے لیے مکالمہ، سفارت کاری اور باہمی احترام ہی واحد راستہ ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos