حسن نصر اللہ کی پہلی برسی، حزب اللہ کا ہتھیار نہ ڈالنے کا اعلان

بیروت میں حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے اپنے پیشرو حسن نصر اللہ کی پہلی برسی کے موقع پر ہزاروں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کسی بھی صورت اپنے ہتھیار نہیں ڈالے گی اور شہادت کے لیے تیار ہے۔

خطاب کے دوران شرکاء نے حزب اللہ کے پرچم سمیت لبنانی، فلسطینی اور ایرانی جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور امریکہ و اسرائیل مخالف نعرے لگائے۔ اس موقع پر ایران کے اعلیٰ سکیورٹی اہلکار علی لاریجانی بھی شریک تھے۔ حزب اللہ نے بیروت کے راوشے راک پر حسن نصر اللہ اور ان کے نائب ہاشم صفی الدین کی تصاویر پروجیکٹ کیں، حالانکہ حکومتی اجازت موجود نہیں تھی۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کی بقا ایک متحدہ ریاست، قومی فوج اور آئینی اداروں میں ہے جو خودمختاری اور وقار کے ضامن ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں کہا کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں لیکن صرف الفاظ نہیں بلکہ عملی اقدامات ضروری ہیں۔

یاد رہے کہ ایک سال قبل اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ جنوبی بیروت میں شہید ہو گئے تھے۔