پاکستان میں یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے اس سلسلے میں سمری تیار کر لی ہے جو 31 اکتوبر کو وزیرِ خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے باعث نومبر کی پہلی پندرہ روزہ مدت کے لیے پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 35 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل میں 50 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فی الحال پیٹرول 263.02 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 275.42 روپے، مٹی کا تیل 176.81 روپے اور لائٹ ڈیزل 159.76 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 98 روپے فی لیٹر وصول کر رہی ہے، جس میں پیٹرول لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہے، تاہم جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) اب بھی صفر فیصد برقرار ہے۔
عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔ برینٹ کروڈ آئل 7 سینٹ کمی سے 64.33 ڈالر فی بیرل جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) بھی 60.08 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق روس پر پابندیوں اور OPEC+ کی پیداوار میں ممکنہ اضافے کی اطلاعات نے عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کو مزید بڑھا دیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos