ٹریسینا : برازیل میں ایک مفرور گھوڑی اچانک ایک بیوٹی سیلون میں داخل ہو گئی، جس سے وہاں موجود خواتین اور عملہ گھبراہٹ کا شکار ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 11 نومبر کو برازیل کے شہر ٹریسینا کے علاقے موکامبینو میں پیش آیا، جہاں کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک سرمئی گھوڑی سکون سے سیلون میں داخل ہوتی ہے جسے دیکھتے ہی خواتین چیختی ہوئی ادھر اُدھر بھاگنے لگتی ہیں۔
حیرت انگیز طور پر گھوڑی اندر آ کر ایک بڑے آئینے کے سامنے رک گئی اور کچھ دیر تک اپنی شکل کودیکھتی رہی۔
سیلون کے عملے کے 2 افراد نے اسے باہر نکالنے کی کوشش کی مگر وہ ہٹنے کو تیار نہ تھی، آخر کار عملے نے جھاڑو کے ذریعے دھکیل کر اسے دکان سے باہر نکالا۔
سیلون کی مالک مرینہ اولیویرا نے بتایا کہ سیلون کی کھڑکیاں اور دروازے صرف ہوا کی نکاسی کے لیے کھولے گئے تھے اور گھوڑی یہ موقع غنیمت جان کر اندر داخل ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ محلے والوں کا کہنا ہے کہ گھوڑی سڑک پر گھبرا کر بھاگ رہی تھی، سب لوگ اس کے پیچھے دوڑ رہے تھے، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایسا واقعہ پیش آئے گا
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos