غزہ میں اسرائیلی فوج نے فضائی حملوں کی نئی لہر شروع کی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 24 فلسطینی شہید اور 87 زخمی ہو گئے۔ حملوں میں کئی بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق پہلا حملہ شمالی غزہ شہر میں ایک کار پر ہوا، جبکہ وسطی دیر البلح اور النصیرات پناہ گزین کیمپ میں مزید حملے کیے گئے۔ غزہ شہر میں ڈرون حملے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔ دیر البلح میں ایک گھر پر حملے میں تین افراد، جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی، ہلاک ہوئیں۔ النصیرات میں ایک رہائشی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
غزہ کے سرکاری میڈیا کے مطابق 10 اکتوبر کو جنگ بندی کے بعد سے اسرائیل نے کم از کم 497 مرتبہ اس کی خلاف ورزی کی ہے۔ اب تک حملوں میں 342 شہری ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں بچوں، خواتین اور بزرگوں کی تعداد زیادہ ہے۔
فلسطینی گروہ حماس نے امریکی، مصری اور قطری ثالثوں سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ اسرائیل کو معاہدے کی پابندی پر مجبور کیا جا سکے اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔ حماس نے کہا کہ اسرائیل جنگ بندی کے تحت طے شدہ سرحدی حدود کو تجاوز کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دو سالوں میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 70 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 20 ہزار بچے شامل ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos