کراچی میں 35ویں نیشنل گیمز کے مقابلے کا آغاز، ملک بھر سے 9 ہزار ایتھلیٹس شریک

 

کراچی: 35ویں نیشنل گیمز کے مقابلوں کا آغاز کراچی میں ہو گیا، جہاں نیٹ بال ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی اور واپڈا کی ٹیمیں مد مقابل آئیں۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے کوچنگ سینٹر پر شروع ہونے والے نیشنل گیمز میں مردوں اور خواتین کے 32 کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے، جن میں ملک بھر سے 9 ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز حصہ لے رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب ہفتہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی۔

گیمز کے پہلے روز مردوں اور خواتین کے فٹبال کے میچ پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں، شوٹنگ بال مقابلے پاکستان نیوی شوٹنگ رینج کارساز پر، اور سیلنگ مقابلے پاکستان نیوی ڈاکیارڈ پر منعقد ہوں گے۔ ہفتے کو مرد و خواتین کے باکسنگ مقابلے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس، ہاکی مقابلے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس، اور ٹینس مقابلے نیا ناظم آباد جیم خانہ ٹینس کورٹس پر شروع ہوں گے۔

نیشنل گیمز کے لیے صوبائی دستوں کی آمد جمعرات سے شروع ہو رہی ہے، جبکہ پیرس اولمپکس 2025 کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم بھی جمعرات کو کراچی پہنچیں گے۔ روایتی اولمپک مشعل اور قائداعظم ٹرافی میزبان سندھ کے حوالے کی جائیں گی۔

گیمز کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی کے 23 مختلف مقامات پر 13 دسمبر تک مقابلے جاری رہیں گے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔